اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ عراقی وزیر اعظم حیدر العبادي نے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے منگل کی شام ملاقات کی ہے۔
اس ملاقات میں رہبر انقلاب نے فرمایا کہ علاقے کے ایک اہم ملک کی حیثیت سے عراق، ایران کے لئے بہت اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے فرمایا کہ ایران، عراق کی نئی حکومت کی پوری مضبوطی اور طاقت سے حمایت کرتا ہے۔ قائد انقلاب نے فرمایا کہ عراق سمیت علاقے کی موجودہ صورت حال، شام میں علاقے کے بعض ممالک اور بیرونی طاقتوں کی غیر ذمہ دارانہ پالیسیوں کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے مزید فرمایا کہ ہمارا خیال ہے کہ عراقی قوم اور حکومت بالخصوص اس ملک کے نوجوان، دہشت گردوں کی سازشوں پر پانی پھیرنے اور ملک میں سیکورٹی قائم کرنے کی بھرپور توانائی رکھتے ہیں اور یہاں پر غیر ملکی فوجیوں کی موجودگی کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔
رہبر انقلاب نے عراق کی نئی حکومت کی تشکیل پر عراقی قوم اور حکومت کو مبارکباد پیش کی اور فرمایا کہ عراق، علاقے کا موثر، اہم اور بڑا ملک ہے اور اس ملک کے حالات کے معمول پر آنے پر یہ حقیقت میں اپنا اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ قائد انقلاب اسلامی نے عوام کے مسائل کے حل اور ملک میں امن اور استحکام کے قیام کے لئے اس ملک کی سابق حکومت کی کوششوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم، عراق اور علاقے کے لئے نوری مالكی کے عظیم کوششوں کو کبھی بھی فراموش نہیں کر سکتے۔ آپ نے عراقی وزیر اعظم حیدر العبادي کو خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں اور گزشتہ حکومت کی طرح آپ کی حکومت کا پوری سنجیدگی کے ساتھ دفاع کریں گے۔
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اس ملاقات میں تاکید فرمائی کہ ہم، ایران اور عراق کے تعلقات کو روز بروز مضبوط ہوتا دیکھ رہے ہیں اور اسی بنا پر ایران، عراق کی کسی بھی قسم کی مدد میں ذرہ برابر بھی دریغ نہیں کرے گا۔ انہوں نے سیکورٹی کو عراقی حکومت کی ترجیح قرار دیا اور فرمایا کہ جیسا کہ ہم نے پہلے کہا ہے کہ عراقی حکومت اور عوام، ملک کی سیکورٹی کے مسائل کو کنٹرول کرنے کی مکمل توانائی رکھتے ہیں اور اسے کسی غیر ملکی کی ضرورت نہیں ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے عراق کی سیکورٹی کو ایران کے لئے بہت اہم قرار دیا اور فرمایا کہ علاقے کی صورتحال اتنی پیچیدہ ہے اسی لئے ایران، عراق کا دوست ملک ہونے کے ناطے اس ملک کی سیکورٹی کو اپنی سیکورٹی سمجھتا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲